نئی دہلی30دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ریزرو بینک نے بینکوں سے آج کا کام ختم ہونے تک ان کے یہاں جمع شدہ منسوخ 500اور 1000روپے کے نوٹ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ دینے کو کہا۔ان نوٹوں کو بینکوں میں جمع کرنے کا آج آخری دن تھا۔مرکزی بینک نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ پرانے 500اور 1000روپے کے نوٹوں کو جمع کرنے کی سہولت آج ختم ہونے کے ساتھ تمام بینک30دسمبر کو ہی اس بارے میں مکمل معلومات ای میل سے دستیاب کرائیں۔عوامی، نجی، دیہی اور کوآپریٹیو بینکوں سمیت تمام بینکوں سے جمع شدہ ان پرانے نوٹوں کی معلومات جمع کرنے کا انتظام کرنے کو کہا گیا ہے۔پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے پرانے نوٹ آج جمع کرنے والی بینکوں کی شاخوں کو کل تک ریزرو بینک کے کسی نزدیکی دفتر یا کرنسی چیسٹر میں کل جمع کراناہوگا۔اس میں ضلع مرکزی کوآپریٹیو بینک(ڈی سی سی بی)شامل نہیں ہے۔ریزرو بینک نے یہ بھی کہا کہ بڑی رقم کے پرانے نوٹ31دسمبر2016کو کام کرنے کا وقت ختم ہونے کے بعد بینکوں کے پاس دستیاب نقد کا حصہ نہیں ہوگا۔تاہم ضلع مرکزی کوآپریٹیو بینک10-14نومبر تک حاصل ایسے نوٹ کے اگلے حکم تک اپنے پاس رکھ سکتے ہیں۔